لاہور چلڈرن اسپتال میں زائد المعیاد ادویات کا انکشاف

لاہور کے چلڈرن اسپتال میں زائد المعیاد ادویات کا استعمال جاری، وزیراعلیٰ مانیٹرنگ یونٹ نے آڈٹ کا حکم دیا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
لاہور چلڈرن اسپتال میں زائد المعیاد ادویات کا انکشاف

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور کے چلڈرن اسپتال میں زائد المعیاد ادویات کا استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کے مطابق او پی ڈی اور وارڈز میں زائد المعیاد ادویات اور انجکشن استعمال کیے جا رہے ہیں، جنہیں نہ تو تلف کیا گیا ہے اور نہ ہی محفوظ طریقے سے ذخیرہ کیا گیا ہے۔ یہ ادویات بچوں کی جان کے لئے براہ راست خطرہ ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ نے اسپتال کی وارڈز اور فارمیسز کے آڈٹ کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ میں بچوں کے علاج، ادویات کی فراہمی، صفائی، عملے کی حاضری، اور سیکیورٹی نظام کی خامیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپتال میں ایم آر آئی مشین کی خرابی کے باعث ٹیسٹ ممکن نہیں ہیں، جبکہ بچوں کے آپریشنز میں غیرمعمولی تاخیر ہو رہی ہے۔ بچے کئی ہفتوں سے وارڈز میں داخل ہیں لیکن ان کا معائنہ نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی سرجری شیڈول کی جا رہی ہے۔ عملے کا رویہ مانیٹرنگ ٹیم اور مریضوں کے ساتھ بدتمیزی پر مبنی پایا گیا ہے۔

اسپتال کے کئی ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر ملازمین ڈیوٹی سے غیرحاضر پائے گئے ہیں، جبکہ مریض ادویات نجی میڈیکل اسٹورز سے خرید رہے ہیں اور بچوں کے لیبارٹری ٹیسٹ نجی لیبارٹری سے کروائے جا رہے ہیں۔ اسپتال میں گندے بستر، کھلے کوڑے دان، استعمال شدہ سرنجز اور گندے واش رومز موجود ہیں، جبکہ زائد المعیاد آگ بجھانے کے آلات بھی پائے گئے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں