کراچی کے فیڈرل بی ایریا میں ڈاکوؤں کی واردات میں فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا ڈاکو فرار ہوگیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیڈرل بی ایریا میں کورئیر کمپنی کے رائیڈر سے لوٹ مار کی واردات میں ڈاکوؤں کو مہنگی پڑ گئی جب ڈاکو کی فائرنگ سے اس کا اپنا ساتھی ہلاک ہوگیا۔
جوہر آباد کے علاقے میں ابراہیم علی بھائی اسکول کے قریب فائرنگ کے واقعے میں مبینہ ڈاکو ہلاک ہوا۔ ایس ایچ او راشد الرحمٰن کے مطابق دو موٹرسائیکل سوار ڈاکو کورئیر رائیڈر شاہ زیب سے 55 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
متاثرہ شہری شاہ زیب کے شور مچانے پر ایک ڈاکو نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گولی اس کے ساتھی کو لگی اور وہ موٹر سائیکل سے گر گیا جبکہ دوسرا ڈاکو موقع سے فرار ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 20 سالہ عبدالرحیم کے نام سے ہوئی۔ عبدالرحیم شریف آباد کے علاقے الکرم اسکوائر کا رہائشی تھا اور اس سے قبل بھی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہوچکا تھا۔ فرار ہونے والے ڈاکو کی تلاش جاری ہے۔














