امریکا میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، 30 افراد ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں ریاستوں میں برفباری اور بارش جاری ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، اور نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں تیز سرد ہواؤں کے ساتھ شدید برفباری اور بارش جاری ہے۔
برفانی طوفان کے باعث امریکا بھر میں 19 ہزار پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند ہیں۔ آرکنساس سے نیو انگلینڈ تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، جس کے باعث سڑکیں اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔
پٹسبرگ کے شمالی علاقوں میں 20 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ درجہ حرارت منفی 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔ کچھ علاقوں میں دہائیوں کی شدید ترین سردی محسوس کی گئی ہے۔ نیویارک سٹی میں 8 افراد کی لاشیں کھلے مقامات سے ملی ہیں۔
بارش اور برفانی طوفان کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔ 44 ریاستوں کے تقریباً 20 کروڑ افراد کے لیے شدید ترین ٹھنڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے اور 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید شدید سردی اور ممکنہ طور پر ایک اور برفانی طوفان مشرقی ساحلی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔











