پاکستانی سفیر عاصم افتخار نے یو این میں کہا کہ پاکستان نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے جواب میں اپنے فطری دفاعی حق کا استعمال کیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں مئی 2025 میں یو این منشور کے مطابق اپنے فطری حقِ دفاع کا استعمال کیا۔
عاصم افتخار نے یو این سلامتی کونسل کے مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یو این منشور کے باہر کے یک طرفہ اقدامات سے اجتماعی سلامتی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی کوششیں کثیرالجہتی اداروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں، اور پاکستان نے بھی ایسی خلاف ورزیوں کا سامنا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے بلااشتعال عسکری جارحیت کا ارتکاب کیا جو بین الاقوامی قانون اور پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے یو این منشور کے آرٹیکل 51 کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا ہے۔
عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو مؤثر میکینزم بنانے کی تجویز دی تاکہ قراردادوں کے نفاذ کی نگرانی کی جا سکے اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کیا جائے۔











