آن لائن ویزا سہولت سے پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں اور کوہ پیماؤں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ جدید انفراسٹرکچر اور ریسکیو نظام کی بہتری پر کام جاری ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الپائن کلب آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ر) عرفان ارشد خان نے کہا ہے کہ آن لائن ویزا کی سہولت اور بہتر سیکیورٹی صورتحال کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سیاحوں اور کوہ پیماؤں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔
میجر جنرل (ر) عرفان ارشد خان نے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے بلند ترین پہاڑی سلسلے اللہ کی طرف سے ملک کے لیے ایک تحفہ ہیں اور کوہ پیمائی کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کوہ پیما اپنی بہادری کے لیے مشہور ہیں اور ملکی و غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے جدید انفراسٹرکچر اور ریسکیو نظام میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے بلند پہاڑوں کی وجہ سے غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور آن لائن ویزا، بہتر سیکیورٹی، اور امن و امان کی بہتر صورتحال نے کوہ پیمائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستانی پورٹرز کی تربیت کے حوالے سے عرفان ارشد خان نے کہا کہ نیپالی پورٹرز کی طرح پاکستانی پورٹرز کو بھی تربیت دی جائے گی۔ مزید برآں، حادثات کی صورت میں فوری امداد کے لیے جدید ریسکیو نظام کو بہتر کرنے کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے جا رہے ہیں۔















