راولپنڈی کی عدالت نے لاؤڈ اسپیکر پر سبزی اور پھل بیچنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) راولپنڈی کی عدالت نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے سبزیاں اور پھل فروخت کرنے والوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے خلاف ایک درخواست پر سماعت ہوئی جسے سینئر وکیل انوار ڈار نے دائر کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج مقصود قریشی نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ لاؤڈ اسپیکر پر گلی محلوں میں اشیاء فروخت کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ گلیوں میں صبح سویرے سے رات گئے تک لاؤڈ اسپیکر کا استعمال لوگوں کی نیند اور صحت پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔ عدالت نے اس مسئلے کو سنجیدہ لیتے ہوئے فوری طور پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگا دی۔















