وفاقی کابینہ کمیٹی نے بیورو کریسی اور ججوں کی دہری شہریت ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے، حتمی فیصلہ سولہ تاریخ کو کیا جائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی کابینہ کمیٹی نے بیورو کریسی اور ججوں کی دہری شہریت ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے سولہ تاریخ کو حتمی فیصلہ کرنے کا اعلان کیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں دہری شہریت کے خاتمے پر غور کیا گیا۔ ارکان نے بیورو کریسی کی دہری شہریت کے خاتمے کے حق میں ووٹ دیا۔
رکن کمیٹی نور عالم خان نے سوال اٹھایا کہ اگر اراکین پارلیمنٹ کو دہری شہریت کی اجازت نہیں تو بیورو کریسی کو کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی ایسے فرد کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں جو دہری شہریت رکھتا ہو۔
سیکریٹری کابینہ نے واضح کیا کہ اگر پارلیمنٹ فیصلہ کرے تو حکومت قانون سازی کے لیے تیار ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکریٹریز کو 90 ہزار روپے سفری الاؤنس دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس پر ارکان نے تنقید کی۔















