برطانوی انجینئر نے 184 ارب کے گم شدہ بٹ کوائن کی تلاش ترک کر دی

برطانوی آئی ٹی انجینئر جیمز ہوولز نے 12 سال بعد ضائع شدہ بٹ کوائن کی تلاش ترک کر دی، جس کی مالیت 742 ملین ڈالر سے تجاوز کر چکی تھی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
برطانوی انجینئر نے ضائع شدہ بٹ کوائن کی تلاش ترک کر دی

لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ کے آئی ٹی انجینئر جیمز ہوولز نے 12 سال بعد وہ تلاش ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جو انہوں نے ایک لینڈفل میں ضائع ہونے والی ہارڈ ڈرائیو کے لیے شروع کی تھی، جس میں 7500 بٹ کوائن محفوظ تھے۔

جیمز ہوولز کے مطابق یہ ہارڈ ڈرائیو 2013 میں غلطی سے کچرے کے ساتھ پھینک دی گئی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ بٹ کوائن کی قیمت میں نمایاں اضافے کے باعث اس ڈیجیٹل اثاثے کی مجموعی مالیت 742 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

انہوں نے ہارڈ ڈرائیو کی بازیابی کے لیے مقامی سٹی کونسل سے متعدد بار اجازت طلب کی، قانونی چارہ جوئی بھی کی اور انعام کی پیشکش بھی کی، تاہم حکام نے مکمل کھدائی کی اجازت نہیں دی۔ ماہرین کے مطابق لینڈفل میں وسیع پیمانے پر کھدائی کے اخراجات اور کامیابی کے امکانات وقت کے ساتھ کم ہوتے گئے۔

واضح رہے کہ جیمز ہوولز کا یہ واقعہ کرپٹو کرنسی کی دنیا کے سب سے بڑے مالی نقصانات میں شمار کیا جاتا ہے، جسے ڈیجیٹل اثاثوں کے محفوظ بیک اپ کی اہمیت کی ایک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں