فیس بک، انسٹاگرام اور جی میل کے 149 ملین اکاؤنٹس کا ڈیٹا لیک

149 ملین فیس بک، انسٹاگرام، جی میل اکاؤنٹس کا ڈیٹا لیک، متاثرہ صارفین کی معلومات کا غلط استعمال ممکن۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
فیس بک، انسٹاگرام اور جی میل کے 149 ملین اکاؤنٹس کا ڈیٹا لیک

نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سائبر سیکیورٹی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر ایک غلط ترتیب دی گئی کلاؤڈ ڈیٹا بیس کے باعث فیس بک، انسٹاگرام اور جی میل کے تقریباً 149 ملین صارفین کے یوزر نیم، پاس ورڈ اور دیگر متعلقہ معلومات لیک ہو گئی ہیں۔

یہ ڈیٹا بیس سائبر سیکیورٹی محقق جیریمیا فاولر نے دریافت کیا، جن کے مطابق اس میں 96 گیگا بائٹ کا غیر محفوظ ڈیٹا موجود تھا۔ اس ڈیٹا میں ای میل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت مختلف آن لائن سروسز کی معلومات شامل تھیں۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ متاثرہ اکاؤنٹس میں 48 ملین جی میل، 17 ملین فیس بک، 6.5 ملین انسٹاگرام، 3.4 ملین نیٹ فلکس، 780,000 ٹک ٹاک، 420,000 بائننس اور 100,000 اونلی فینز اکاؤنٹس شامل ہیں۔ یاہو، آؤٹ لک، آئی کلاؤڈ اور تعلیمی ای میل اکاؤنٹس کے بھی لاکھوں صارفین متاثر ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ معلومات ایک وائرس کے ذریعے حاصل کی گئیں جو متاثرہ ڈیوائسز میں داخل ہو کر حساس معلومات چرا لیتا ہے، جس کے بعد یہ ڈیٹا ہیکرز کو منتقل کر دیا جاتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کے ڈیٹا لیک کے نتیجے میں اکاؤنٹس کے غلط استعمال، مالی فراڈ اور جعلی پیغامات جیسے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر صارفین ایک ہی پاس ورڈ مختلف اکاؤنٹس کے لیے استعمال کرتے ہوں۔

اہم بات یہ ہے کہ یہ ڈیٹا لیک کسی ایک کمپنی کے ہیک ہونے کے باعث نہیں ہوا، بلکہ مختلف ذرائع سے اکٹھی کی گئی معلومات کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں