چین نے اسلامی ممالک کے حقوق کے تحفظ کے لیے او آئی سی کے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔ بیجنگ میں ملاقات کے دوران بین الاقوامی تعلقات کی پاسداری پر زور دیا۔
بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چین نے اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے اور ترقی پذیر ممالک کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ او آئی سی اسلامی دنیا کی سب سے بڑی تنظیم ہے اور ان کے ساتھ تعلقات کو چین نے ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ چین اسلامی ممالک کی سنکیانگ اور تائیوان کے معاملات میں حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
چین نے اسلامی ممالک کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے اور علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بات کی۔ وانگ یی نے اقوام متحدہ کے کردار اور عالمی تعلقات کی اصولوں کی پاسداری کی اہمیت بھی بیان کی۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے چین کے ‘ون چائنہ’ اصول کی حمایت ظاہر کی اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے چین کے ساتھ شراکت داری میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔ حسین ابراہیم طہٰ نے فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے چین کی کوششوں کی تعریف کی۔











