سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کی پروموشن کا حق پہلی محکمہ جاتی کمیٹی کے دن سے بحال کر دیا، جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں فیصلہ جاری۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کی پروموشن کے حوالے سے اہم فیصلہ سناتے ہوئے اہل ملازمین کے پروموشن کا حق پہلی محکمہ جاتی کمیٹی کے دن سے بحال کر دیا۔ عدالت نے پنجاب سروس ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سرکاری ملازم فخر مجید کی پروموشن 21 جنوری 2012 سے مؤثر قرار دی۔
عدالت نے واضح کیا کہ اہل سرکاری ملازم کو محکمہ جاتی پروموشن کمیٹی کے انعقاد کے دن سے پروموشن کا حق حاصل ہے۔ جسٹس عائشہ ملک کی جانب سے جاری 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ انتظامی غفلت یا تاخیر کی سزا ملازم کو نہیں دی جا سکتی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پروموشن میں تاخیر یا لاپروائی ملازم کے حق کو متاثر نہیں کرے گی اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ بروقت پروموشن کے عمل کو یقینی بنائیں۔















