امارات میں بچوں کی آن لائن سکیورٹی کے لیے نیا قانون نافذ، والدین کو بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی نگرانی کی قانونی ذمہ داری سونپی گئی۔
ابوظبی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات میں بچوں کی آن لائن سکیورٹی کے لیے نیا قانون نافذ ہوگیا ہے۔ اس قانون کے تحت والدین بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی قانونی ذمہ داری اٹھائیں گے اور انہیں انٹرنیٹ کے خطرات سے بچانے کے لیے نگرانی کرنی ہوگی۔
نئے قانون کے مطابق والدین کو بچوں کے موبائل، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ پر نظر رکھنی ہوگی تاکہ انہیں خطرناک مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔ والدین کی ذمہ داری محض مشورے تک محدود نہیں بلکہ ایک قانونی فریضہ ہوگی۔
اماراتی قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آن لائن گیمز کو بچوں کے لیے محفوظ بنانا ہوگا جبکہ ڈیجیٹل کمپنیاں بھی سکیورٹی فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔ بچوں کے اکاؤنٹس کے لیے عمر کی تصدیق لازمی ہوگی اور ڈیجیٹل مواد کی فلٹرنگ، پیرنٹل کنٹرول، اشتہارات پر پابندی اور اسکرین ٹائم کی حد مقرر کی گئی ہے۔
اماراتی حکام نے خبردار کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر جرمانے، پابندیاں یا ملک میں سروس کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو آن لائن تشدد، بلیک میلنگ، فراڈ اور غیر اخلاقی مواد سے محفوظ رکھیں۔











