اسرائیل نے غیر ملکی ایئرلائنز کو ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے خدشات کے باعث سکیورٹی خدشات پر خبردار کیا ہے۔
تل ابیب: (رائیٹ ناوٴ نیوز) تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر کام کرنے والی غیر ملکی ایئر لائنز کو اسرائیلی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر خبردار کیا ہے۔ یہ انتباہ ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے خدشات کے باعث جاری کیا گیا ہے۔
اسرائیلی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ شموئیل زکائی نے ایئر لائنز کو بتایا کہ ہفتے کے اختتام کی تعطیلات سے قبل ایک حساس سیکیورٹی دورانیے کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی نے اسرائیلی فضائی حدود کی ممکنہ بندش سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ تیار کر لیا ہے، جو پہلے بھی نافذ کیا جا چکا ہے۔
شموئیل زکائی نے یقین دہانی کرائی کہ روانہ ہونے والی غیر ملکی پروازوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ان کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسرائیلی فوج کے ریڈیو کے مطابق مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تعیناتی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے، جو ایران کے خلاف ہونے والی کارروائی کے بعد سب سے زیادہ ہے۔











