سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ مالک کے انتقال کے بعد قانونی وارث ازخود مالک تصور ہوں گے اور نیا کرایہ نامہ ضروری نہیں ہوگا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے کرایہ داری کے قانون میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ مالک کے انتقال کے بعد قانونی وارث ازخود مالک قرار پائیں گے اور نیا کرایہ نامہ ضروری نہیں ہوگا۔عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے کرایہ داروں کی بے دخلی کے فیصلے کو درست قرار دیا، جس کے تحت کرایہ داروں کو ساٹھ دن کے اندر دکانیں خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اپیل کی سماعت کی اور جسٹس شکیل احمد نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔فیصلے کے مطابق، مالک کے انتقال کے بعد بیٹے نے کرایہ اور بقایاجات کی ادائیگی کا نوٹس دیا، مگر کرایہ داروں نے قانونی وارثوں کو کرایہ ادا نہیں کیا۔ نوٹس کے باوجود کرایہ عدالت میں متوفی کے نام پر جمع کرایا جاتا رہا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ متوفی کے نام پر کرایہ جمع کرانا قانوناً ادائیگی نہیں اور یہ جان بوجھ کر ڈیفالٹ کرنے کے زمرے میں آتا ہے۔















