پاکستان میں سردی کی شدید لہر کے دوران آج مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جو بارش اور برفباری لائے گا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد کی پیشگوئی کی ہے جو آج سے بارش اور برفباری لائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں آج رات سے بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں میں 25 سے 26 جنوری کو بارش کی توقع ہے۔
بلوچستان میں آج رات سے 27 جنوری تک مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، خضدار، کیچ، تربت، چاغی، تفتان، نوکنڈی، دالبندین، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی، موسیٰ خیل، آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شدید بارش کے باعث گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ میں شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔















