فاروق ستار نے سانحہ گل پلازہ کی انسانی باقیات کے ڈی این اے ٹیسٹ اور فارنزک کے مقامات کی تفصیلات ورثا کو فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ سے ملنے والی انسانی باقیات کے ڈی این اے ٹیسٹ اور فارنزک کے مقامات کی تفصیلات ورثا کو مہیا کی جائیں۔
انہوں نے دہلی کالونی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ ایک المناک واقعہ ہے جس میں 100 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے اور اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ورثا کو مطمئن کرنے کے لیے فارنزک ٹیسٹ کی جگہ اور طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔
فاروق ستار نے حکومت سندھ، میئر کراچی اور دیگر اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیں اور لاپتا افراد کے اہل خانہ کو مطمئن کریں۔ انہوں نے کہا کہ باقیات کی تصدیق اور جسد اہل خانہ تک پہنچانے کے عمل کو تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے لیے ایک آزاد کمیٹی بنائی جائے جس میں آئی ایس آئی اور ایف آئی اے شامل ہوں اور سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں غیر جانب دار کمیشن قائم کیا جائے۔














