پی ایس ایل 11 کے پلیئر آکشن کیلئے کھلاڑیوں کی بیس پرائسز کا اعلان، آکشن 11 فروری کو ہوگا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پی ایس ایل 11 کے پلیئر آکشن کی بیس پرائسز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تفصیلی ورکشاپ میں شرکت کی۔ آکشن 11 فروری کو ہوگا اور کھلاڑیوں کی بیس پرائسز پاکستانی روپے میں رکھی جائیں گی۔
ٹاپ کیٹیگری کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ دوسری کیٹیگری کی بیس پرائس 2 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ تیسری کیٹیگری کی بیس پرائس 1 کروڑ 10 لاکھ روپے اور چوتھی کیٹیگری کی بیس پرائس 60 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
ہر فرنچائز کیلئے 16 سے 20 کھلاڑیوں کا اسکواڈ ہونا ضروری ہوگا جس میں 5 سے 7 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہو سکتے ہیں۔ پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنا لازمی ہوگا۔
ہر ٹیم کیلئے دو انڈر 23 اَن کیپڈ کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہے، اور ان کا پلیئنگ الیون میں ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا۔ منتخب کھلاڑیوں کو دو سالہ معاہدہ دیا جائے گا اور فرنچائزز ایک غیر ملکی کھلاڑی براہِ راست سائن کر سکیں گی۔















