امریکا میں شدید برفانی طوفان کے باعث 17 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، بجلی کی بندش اور پروازوں کی منسوخی نے نظامِ زندگی متاثر کیا ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا میں شدید برفانی طوفان کے باعث 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق طوفان اتوار سے مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور مشرقی ریاستوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہونے کا خدشہ ہے۔
ہفتے کے روز 4 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ اتوار کے لیے 9 ہزار مزید پروازوں کی منسوخی کی اطلاع ہے۔ برف باری اور شدید سرد ہوائیں امریکا کے مشرقی دو تہائی حصے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طوفان کو ‘تاریخی’ قرار دیتے ہوئے جنوبی کیرولائنا، ورجینیا، ٹینیسی، جارجیا، نارتھ کیرولائنا سمیت 11 ریاستوں میں وفاقی ہنگامی حالت نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ صدر نے عوام سے محفوظ رہنے کی اپیل کی ہے۔
محکمۂ داخلی سلامتی کے مطابق 17 ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی میں موسمی ایمرجنسی نافذ ہے۔ ٹیکساس سمیت کئی ریاستوں میں بجلی کی بندش سے شدید متاثر ہیں۔ محکمۂ توانائی نے ہنگامی اختیارات جاری کیے ہیں تاکہ بجلی کی قلت سے بچا جا سکے۔
قومی موسمیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ برف اور برفانی بارش کے باعث جنوب مشرقی امریکا میں شدید اور تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو خوراک، ایندھن اور ضروری اشیاء ذخیرہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔











