آٹا اور دالوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ

آٹے اور دالوں کی قیمتوں میں اضافے سے ہفتہ وار مہنگائی 4.18 فیصد بڑھ گئی، جبکہ آلو اور پیاز کی قیمتوں میں کمی سے معمولی ریلیف ملا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
آٹا اور دالوں کی قیمتیں بڑھ گئیں،  ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)

22 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمت اشاریہ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی سالانہ بنیاد پر 4.18 فیصد بڑھ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ اضافہ بنیادی طور پر آٹے اور دالوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق قلیل مدتی مہنگائی میں مسلسل 25ویں ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں 0.48 فیصد کمی آئی ہے، جس کی وجہ آلو اور پیاز کی قیمتوں میں کمی بتائی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں ٹماٹر، انڈے، چینی اور گوشت کی قیمتوں میں نمایاں اضافے نے مجموعی مہنگائی کے رجحان کو اوپر کی جانب رکھا۔ گوشت کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے صارفین پر دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 9.83 فیصد، کیلا 3.66 فیصد، گندم کا آٹا 2.27 فیصد اور انڈے 1.02 فیصد رہا۔ دوسری جانب مرغی کی قیمت میں 16.68 فیصد، آلو 8.52 فیصد، پیاز 7.27 فیصد اور ایل پی جی 3.54 فیصد سستی ہوئی۔

سالانہ بنیاد پر دیکھا جائے تو آٹے کی قیمت میں 38.60 فیصد، انڈوں میں 35.99 فیصد اور گیس چارجز میں 29.85 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ آلو، لہسن، پیاز اور دال چنا کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ وار مہنگائی مئی 2023 میں 48.35 فیصد کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی، جس کے بعد کچھ عرصے کمی آئی، تاہم بعد ازاں دوبارہ تیزی دیکھنے میں آئی۔

دیگر متعلقہ خبریں