ایران نے داعش سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو زائرین کی بس پر بم دھماکے کے جرم میں پھانسی دے دی۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران میں داعش سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو زائرین کی بس پر بم دھماکے کے جرم میں پھانسی دے دی گئی۔
2023 میں یہ دھماکہ ایرانی دارالحکومت تہران سے عراقی سرحد کے قریب علاقے الام جانے والی زائرین کی بس میں ہوا تھا جس میں ایک بچہ جاں بحق اور 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
تحقیقات کے دوران ایک ملزم کو بس میں بم نصب کرنے اور دوسرے کو دھماکہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں نے اعتراف جرم کیا تھا جس پر عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔
یہ کیس سپریم کورٹ تک پہنچا جہاں سزائے موت کو برقرار رکھا گیا اور آج اس فیصلے پر عمل درآمد کیا گیا۔ ایران نے ملزمان کی شناخت نہیں ظاہر کی تاہم ذرائع کے مطابق دونوں ایرانی شہری تھے۔
یاد رہے کہ ایران دنیا میں چین اور سعودی عرب کے بعد سب سے زیادہ سزائے موت دینے والا ملک ہے۔











