کراچی کے تین اضلاع میں 90 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے ناقص انتظامات کا انکشاف ہوا، ایس بی سی اے نے نوٹسز جاری کر دیے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی کے تین اضلاع میں عمارتوں کا سروے کیا ہے، جس میں 90 فیصد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کی کمی کا انکشاف ہوا ہے۔
سانحہ گل پلازہ کے بعد ضلع شرقی، وسطی اور جنوبی میں رہائشی و تجارتی عمارتوں کا فائر آڈٹ شروع کیا گیا، جہاں 300 سے زائد عمارتوں میں آگ سے بچاؤ کے ناقص انتظامات پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹسز میں تین روز کے اندر فائر سیفٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق کچھ عمارتوں میں فائر سیفٹی کے آلات ناکارہ پائے گئے اور بلند عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے بند تھے۔
ایس بی سی اے حکام نے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ عملہ بھی سروے کا حصہ تھا اور نوٹسز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انتظامات نہ کرنے پر عمارتیں سیل کی جائیں گی اور مالکان کو فائر بریگیڈ کا این او سی لینا ہوگا۔















