پاک بحریہ نے گوادر سے دور کھلے سمندر میں سری لنکن عملے کو کامیابی سے ریسکیو کیا، سری لنکن حکام نے بروقت اقدام پر شکریہ ادا کیا۔
گوادر: (رائیٹ ناوٴ نیوز) افواج پاکستان نے گوادر سے 1500 کلومیٹر دور کھلے سمندر میں کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سری لنکن عملے کو بچا لیا۔ یہ آپریشن سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کی درخواست پر کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پاک بحریہ نے اپنے جہاز پی این ایس معاون اور تبوک کو فوری روانہ کیا۔
پاک بحریہ کے جہازوں نے انڈونیشیا کے جہاز ایم وی گرے پام سے بیمار سری لنکن عملے کو ریسکیو کیا۔ بیمار اہلکار کو پی این ایس تبوک پر منتقل کر کے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
پاک بحریہ نے میری ٹائم پروٹوکولز کو فوری متحرک کرتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت سے ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔ سری لنکن حکام اور اہلکار کے اہل خانہ نے بروقت اقدام پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
پاک بحریہ سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھاتی ہے۔











