انڈیگو کی پرواز کو دوبارہ بم دھمکی موصول، بھارتی ایئرلائنز کو مالی بحران کا سامنا۔ پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے اخراجات میں اضافہ۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بھارت میں انڈیگو ایئرلائن کی پرواز کو پانچ دنوں میں دوسری بار بم کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد طیارے کو فوری طور پر آئسولیشن بے میں منتقل کر دیا گیا۔ دہلی سے پونے جانے والی پرواز کو ایئر ٹریفک کنٹرول نے بم دھمکی کی اطلاع دی۔
رواں ہفتے لکھنؤ جانے والی انڈیگو کی ایک اور پرواز کو بھی سکیورٹی خطرے کے پیش نظر منتقل کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ دھمکیاں بھارتی فضائی سلامتی کی کمزوری کی نشاندہی کر رہی ہیں اور انہیں حکومتی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق، ایئر انڈیا کو رواں مالی سال میں ریکارڈ خسارے کا سامنا ہے جبکہ جون میں ڈریم لائنر حادثے میں 240 افراد کی ہلاکت کے بعد نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو طویل اور مہنگے راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں، جس سے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔
ایئر انڈیا نے گزشتہ تین سالوں میں 322.1 ارب روپے کا نقصان اٹھایا ہے، جو بھارتی ایوی ایشن سیکٹر میں بدانتظامی کی مثال ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نقصان سیاسی دباؤ، ناقص انتظام اور حفاظتی غفلت کا نتیجہ ہے۔











