مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے واقعے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ریاستی مشینری کی کارکردگی پر سوال اٹھائے۔
ڈیرہ اسماعیل خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں شادی کی تقریب پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے پانچ افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات صرف سماجی تقریبات پر حملہ نہیں ہوتے بلکہ معاشرے کے اجتماعی احساسات پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ریاستی مشینری اور سرکاری فورسز قیام امن کے لیے اپنی کوششوں اور قربانیوں کا ذکر تو زور شور سے کرتی ہیں لیکن عوام کے مسائل کا حل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی اور تشدد کی لہریں بدستور بڑھ رہی ہیں اور شہری سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ حکومتی رٹ کمزور کیوں ہو رہی ہے۔
مولانا نے کہا کہ ریاست عوام کے جان و مال کے تحفظ کا فرض کیوں نہیں نبھا سکتی اور سیکیورٹی کے نام پر شہریوں کی آزادی محدود کرنے کے باوجود دہشتگردی کیوں بڑھ رہی ہے۔














