رمضان 2026 کا آغاز 19 فروری کو متوقع ہے، روزے کا دورانیہ پاکستان میں 13 سے ساڑھے 13 گھنٹے ہوگا جبکہ دیگر ممالک میں مختلف ہوگا۔
دبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) متحدہ عرب امارات میں فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان المبارک 2026 کا آغاز 19 فروری کو متوقع ہے، تاہم حتمی اعلان 29 شعبان کو چاند دیکھنے کے بعد ہوگا۔
پاکستان میں رمضان کے دوران روزے کا دورانیہ موسم اور جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے 13 سے ساڑھے 13 گھنٹے کے درمیان رہے گا۔ رمضان کے آغاز میں روزے کا دورانیہ تقریباً 13 گھنٹے ہوگا، جو مہینے کے اختتام تک بڑھ کر ساڑھے 13 گھنٹے تک پہنچ سکتا ہے۔
رمضان 2026 میں مختلف مسلم ممالک میں روزوں کے اوقات میں فرق متوقع ہے۔ ابتدائی دنوں میں روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے ہوگا، جبکہ مہینے کے آخر تک یہ بڑھ کر 13 گھنٹے کے قریب ہونے کا امکان ہے۔
چونکہ رمضان المبارک موسم سرما کے اختتام اور بہار کے آغاز کے ساتھ آئے گا، اس لیے روزوں کا دورانیہ نسبتاً کم رہے گا، تاہم دن کی روشنی کے اوقات بتدریج بڑھنے کے باعث رمضان کے آخری ایام میں روزے کچھ طویل ہو جائیں گے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان سمیت خلیجی ریاستوں میں معمولی تغیرات کے ساتھ روزے کے دورانیے 12 سے 13 گھنٹے کی حد کے اندر رہنے کی توقع ہے۔
برطانیہ، جرمنی سمیت یورپ کے مختلف حصوں میں، براعظم کے بلند عرض بلد کی وجہ سے مسلمان طویل روزے رکھیں گے۔











