نیو یارک کے سفولک کاؤنٹی میں ہرن ریج بینک کی کھڑکی توڑ کر داخل ہوا، پولیس نے فوری کارروائی کرکے اسے بحفاظت باہر نکالا۔
نیو یارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیو یارک کے سفولک کاؤنٹی میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ایک سفید دم والا ہرن ریج بینک کی شیشے کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہو گیا۔ یہ واقعہ 18 جنوری کو پیش آیا اور اس کی فوٹیج عالمی خبر رساں ادارے نے جاری کی۔ سیکیورٹی الارم بجتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہرن کے پھنس جانے کی حالت کو قابو میں کیا۔
باڈی کیم فوٹیج کے مطابق، ہرن بینک میں گھبراہٹ کے عالم میں بھاگتا رہا، لیکن پولیس نے بڑی مہارت سے اسے پرسکون کیا اور قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ماہرین کے مطابق، نیو یارک کے مضافاتی علاقوں میں ہرنوں کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے شہری علاقوں میں ایسے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ نیویارک ڈیپارٹمنٹ آف انوائرمنٹل کنزرویشن کے اندازے کے مطابق ہر سال تقریباً 70 ہزار واقعات میں گاڑیاں ہرنوں سے ٹکرا جاتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلاتی علاقوں کی کمی اور شہری تعمیرات کے باعث جانور خوراک کی تلاش میں شہری علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، جس سے ایسے غیر معمولی واقعات بڑھ رہے ہیں۔












