مری میں برفانی طوفان کے باعث 5 ہزار سیاح پھنس گئے، ضلعی انتظامیہ نے مزید گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
مری: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
مری میں شدید برفباری کے باعث 5 ہزار سے زائد سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مزید گاڑیوں کے مری میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ریسکیو اور روڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا موقع پر موجود ہیں اور انتظامیہ کے مطابق اندرونی سڑکوں کی بحالی اور پھنسے سیاحوں کے محفوظ انخلا پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ برفباری ایک فٹ تک پہنچ چکی ہے اور سنو پلاؤ، کرینیں اور لوڈر مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ مرکزی شاہراہیں کھولی جا سکیں۔
ڈی پی او کے مطابق شدید برفباری کے باعث حدِ نگاہ تقریباً ختم ہو چکی ہے، جو جان لیوا ہوسکتی ہے۔ سیاحوں کو مری کا سفر مؤخر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وادیٔ کاغان، مری اور ہزارہ ریجن میں شدید برفباری نے سفید مناظر پیش کیے، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔















