برطانیہ نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث قطر میں اپنے لڑاکا طیارے تعینات کر دیے ہیں۔
دوحہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر قطر میں اپنے رائل ایئر فورس کے جائنٹ ٹائفون سکواڈرن کے لڑاکا طیارے تعینات کر دیے ہیں۔
برطانوی وزارت دفاع کے مطابق 12 سکواڈرن جو کہ برطانیہ اور قطر کی مشترکہ یونٹ ہے، خلیج میں دفاعی ذمہ داریوں کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد دفاعی مقاصد اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔
یہ تعیناتی امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد ہوئی ہے جس میں انہوں نے ایران کی جانب بڑی فورس روانہ کرنے کا کہا تھا، جس میں بحری جنگی جہاز اور لڑاکا طیارے شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایران پر مزید حملہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر جوہری پروگرام نہ روکنے کی صورت میں دوبارہ کارروائی کی دھمکی دی تھی۔












