مری میں شدید برفباری سے نظام زندگی متاثر، پانچ ہزار سیاحوں کو نکالنے کی کوششیں جاری۔
مری: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مری میں گزشتہ رات سے جاری برفباری کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے پانچ ہزار سیاحوں کو نکالنے کے لیے عملہ اور مشینری طلب کر لی ہے۔
ڈی پی او مری کے مطابق برفانی طوفان کی شدت بڑھ رہی ہے اور روڈز پر حد نگاہ کم ہے۔ تمام روڈز کلیئر ہیں اور ٹریفک جاری ہے، تاہم آج رات تک برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
وزیر مواصلات پنجاب ملک صہیب بھرتھ نے کہا ہے کہ مری کی سڑکیں بحال ہیں اور حکومت پنجاب کے تمام ادارے متحرک ہیں۔ تمام مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 12 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ مری اور گلیات میں مزید برفباری کا امکان ہے۔















