ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس سے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی وصولی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت 1,442 غیرقانونی پیٹرول پمپ سیل کر دیے گئے ہیں۔ اس کارروائی کے نتیجے میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی وصولی میں اضافہ ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 828 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں، جو مقررہ ہدف سے 94 ارب روپے زیادہ ہیں۔ یہ اضافہ گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے مقابلے بھی 284 ارب روپے زیادہ ہے۔
جولائی سے نومبر کے دوران پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی آمدن 706 ارب روپے رہی، جس میں 146 ارب روپے ایندھن کی قانونی سپلائی اور 138 ارب روپے قیمتوں میں اضافے کی مد میں وصول کیے گئے۔ چاروں صوبوں میں کی جانے والی کسٹمز انفورسمنٹ کی کارروائیوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔














