پنجاب حکومت نے تعلیمی اشیا کی مخصوص دکانوں سے خریداری پر پابندی لگا دی اور نجی اسکولز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے نصابی کتب، یونیفارم اور تعلیمی ساز و سامان کی مخصوص دکانوں سے خریداری پر پابندی لگا دی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ والدین اور طلبا کو مخصوص پوائنٹس سے خریداری پر مجبور کرنے والے نجی اسکولز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
نوٹس کے مطابق نجی تعلیمی اداروں کو والدین کو مخصوص وینڈر یا سروس پر مجبور نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہ عمل پنجاب پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز آرڈیننس کی خلاف ورزی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے کہا ہے کہ غیرقانونی اقدامات کی شکایات متعلقہ ایجوکیشن اتھارٹی یا وزیراعلیٰ شکایت سیل کو درج کرائی جا سکتی ہیں، والدین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔















