پاکستان اور کینیڈا نے معدنیات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا، ریکو ڈک منصوبہ تعاون کی بنیاد ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کی معدنیات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک نے سرمایہ کاری اور تکنیکی شراکت داری کو فروغ دینے کا عزم کیا۔\n\nکینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ برک گولڈ کی ریکو ڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان اور کینیڈا کے معدنی تعاون کی مضبوط بنیاد ہے۔ انہوں نے پاکستان میں معدنی شعبے میں مزید شراکت داری اور پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کا عزم ظاہر کیا۔\n\nکینیڈا نے پاکستان کو پراسپیکٹرز اینڈ ڈیولپرز ایسوسی ایشن آف کینیڈا 2026 کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جو پاکستان کی معدنی صلاحیت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع فراہم کرے گی۔ ریکو ڈک منصوبہ پاکستان میں عالمی اعتماد کی علامت ہے اور ملک کی معاشی خود کفالت کو فروغ دے رہا ہے۔\n\nوزیرِ پیٹرولیم کے مشیر ڈاکٹر حامد اشرف نے کہا کہ ہم جیولوجیکل سروے آف کینیڈا کے ساتھ نقشوں کی درستگی کے لیے کام کر رہے ہیں، جس سے معدنیات کے شعبے میں ترقی ہوگی۔ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاکستان میں کان کنی کے شعبے کی ترقی قومی معیشت کی بحالی کی علامت ہے۔














