لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست میں ترمیم کی ہدایت دی اور کارروائی 27 جنوری تک ملتوی کردی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکلوانے کی درخواست میں ترمیم کی ہدایت دی ہے اور مزید کارروائی 27 جنوری تک ملتوی کردی۔
درخواست کی سماعت جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کی، جہاں درخواست گزار کی جانب سے ابوذر سیلمان خان نیازی پیش ہوئے۔ عدالت نے درخواست میں جلد بازی کا الزام لگایا اور درخواست میں ایف آئی آر یا ٹرائل کا ذکر نہ ہونے پر اعتراض کیا۔
جسٹس سیٹھی نے کہا کہ درخواست گزار کو یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کا کیس ہائیکورٹ سن سکتا ہے یا یہ ٹرائل کورٹ یا داد رسی کمیٹی کے لیے مناسب ہے۔ وکیل نے بتایا کہ عثمان ڈار کا امپورٹ ایکسپورٹ کا کاروبار ہے اور وہ عمرہ کے لیے جانا چاہتے ہیں۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عثمان ڈار کے خلاف نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل جاری ہے، حالانکہ ٹرائل کورٹ نے ان کی مستقل حاضری معافی منظور کی ہے لیکن بیرون ملک جانے کی اجازت مخصوص وقت کے لیے تھی۔















