لاہور: قومی کرکٹرز سے دو ارب روپے کے مبینہ مالی فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، جس میں انضمام الحق، بابر اعظم اور دیگر شامل ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق اور موجودہ قومی کرکٹرز سے دو ارب روپے کے مبینہ مالی فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک بزنس مین نے کرکٹرز سے کروڑوں روپے سرمایہ کاری کے نام پر حاصل کیے، لیکن نہ منافع دیا نہ اصل رقم واپس کی۔
کرکٹرز نے بزنس مین کو ماہانہ 8 سے 9 فیصد منافع کے وعدے پر سرمایہ کاری کی تھی۔ ابتدا میں منافع دیا گیا، لیکن بعد میں کاروبار میں نقصان کے بہانے منافع کی ادائیگی بند کر دی گئی اور اصل رقم بھی واپس نہیں کی گئی۔
فراڈ سے متاثرہ کرکٹرز میں انضمام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان سمیت دیگر قومی کھلاڑی شامل ہیں۔ اس اسکینڈل کی وجہ سے کھلاڑی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
تاحال کسی بھی کرکٹر نے قانونی کارروائی کے لیے درخواست نہیں دی، لیکن امکان ہے کہ جلد بزنس مین کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔















