پنجاب حکومت نے نابینا افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے انہیں سرکاری سکیموں میں شامل ہونے، تعلیم اور نوکری میں سہولت ملے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت نے نابینا افراد کو خصوصی افراد کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب خصوصی افراد کو عطائے اختیار (ترمیمی) بل 2025 پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پیش کیا گیا اور قائمہ کمیٹی برائے بیت المال نے اس کی منظوری دے دی۔
بل کے تحت 3/60 سے کم بینائی والے افراد کو خصوصی افراد کی فہرست کا حصہ بنایا جائے گا، جبکہ مکمل بینائی سے محروم افراد بھی اس فہرست میں شامل ہوں گے۔ اس اقدام سے نابینا افراد کو خصوصی سرٹیفکیٹ حاصل ہوگا جو انہیں حکومتی سکیموں میں شامل ہونے اور نوکری حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
خصوصی سرٹیفکیٹ کے ذریعے نابینا افراد کو تعلیم اور علاج معالجے میں تعاون حاصل ہوگا۔ بعد از کمیٹی منظوری، بل کو پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائے گا اور حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔















