وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خود ساختہ گمشدگیوں پر ریاست ذمہ دار نہیں، حکومت نے لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خود ساختہ گمشدگی کے معاملات پر ریاست کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت نے لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں اور قصورواروں کو سزا دینے کے لیے قوانین نافذ کیے گئے ہیں۔
انہوں نے لاپتہ افراد سے متعلق ایک اجلاس کے دوران کہا کہ اس مسئلے کو اب قانونی دائرہ کار میں لایا جا چکا ہے۔ اگر کوئی شخص اپنی مرضی سے روپوش ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری ریاست پر عائد نہیں کی جا سکتی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جو افراد رضاکارانہ طور پر عسکریت پسند یا علیحدگی پسند تنظیموں سے وابستہ ہوتے ہیں، ان کے نام جبری گمشدگی کے کیسز میں شامل نہیں کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے لاپتہ افراد سے متعلق ایک واضح طریقہ کار وضع کر رکھا ہے، اور بلوچستان حکومت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قانونی فریم ورک اور ضوابط کی مکمل پاسداری کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ایک روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اکثر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتی ہیں، جن کے دوران مشتبہ افراد کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا جاتا ہے، تاہم نئے قانونی فریم ورک کے تحت شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا۔















