انگلیاں ٹریگر پر ہیں، سپریم لیڈر کے حکم کا انتظار ہے، ایرانی پاسداران انقلاب

ایران کے انقلابی گارڈز نے امریکی حملے کی صورت میں جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے جبکہ ٹرمپ نے مذاکرات کی امید ظاہر کی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
انگلیاں ٹریگر پر ہیں، سپریم لیڈر کے حکم کا انتظار ہے، ایرانی پاسداران انقلاب

پیرس: (رائیٹ ناوٴ نیوز)

ایرانی پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈر جنرل محمد پاکپور نے امریکا اور اسرائیل کو کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنے کی وارننگ دے دی ہے۔

جنرل محمد پاکپور نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ان کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کے حکم کی منتظر ہیں اور فوری عمل کے لیے تیار ہیں۔

چیف کمانڈر پاسداران انقلاب نے کہا کہ دشمنوں کو گزشتہ 12 روزہ جنگ سے سبق سیکھنا چاہیے تاکہ مستقبل میں زیادہ دردناک انجام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی نظام اور قومی سلامتی کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنا لیا گیا ہے اور کسی بھی حملے کی صورت میں تباہ کن جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل 19 جنوری 2026 کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا تھا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی حملہ ایرانی قوم کے خلاف اعلانِ جنگ کے مترادف ہوگا۔

مسعود پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ایرانی عوام کو درپیش مشکلات کی ایک بڑی وجہ امریکی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عائد کی گئی غیر انسانی پابندیاں ہیں۔

واضح رہے کہ صدر پزشکیان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جریدے پولیٹیکو کو دیے گئے انٹرویو کے بعد سامنے آیا تھا، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں قیادت کی تبدیلی کی بات کی تھی۔

 ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے یورینیم افزودگی مقامات کو نشانہ بنایا تاکہ تہران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جا سکے۔

ایرانی مشترکہ کمانڈ کے سربراہ جنرل علی عبداللہی علی آبادی نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ حملہ کرتا ہے تو تمام امریکی مفادات، اڈے اور اثر و رسوخ کے مراکز ‘جائز اہداف’ بن جائیں گے۔

ایرانی قیادت کو دسمبر کے آخر میں شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد مشکل معاشی اور انتظامی حالات کا سامنا ہے۔ ایک شدید کریک ڈاؤن نے اس تحریک کو دبا دیا ہے، اور انٹرنیٹ کی بندش کے باعث اطلاعات محدود ہیں۔ بدھ کو ایرانی حکام نے مظاہروں میں 3,117 افراد کی ہلاکت کے سرکاری اعداد و شمار جاری کئے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں