ڈیرہ غازی خان کے نجی اسپتال میں ڈینٹسٹ کے ہاتھوں حاملہ خاتون کی جان گئی، انتظامیہ نے ریکارڈ دینے سے انکار کر دیا۔
ڈیرہ غازی خان: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈیرہ غازی خان کے نجی اسپتال میں لیڈی سرجن کی عدم موجودگی میں ڈینٹسٹ نے حاملہ خاتون کا آپریشن کیا جس کے باعث خاتون انتقال کرگئی۔
ورثا کے مطابق آپریشن کے دوران زیادہ خون بہنے پر نہ صرف مریضہ کی حالت بگڑ گئی بلکہ آپریشن کرنے والا غیر تجربہ کار ڈاکٹر بھی بے ہوش ہو گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ دینے سے انکار کر دیا اور مبینہ طور پر سی سی ٹی وی کیمرے کی ڈیوائس تبدیل کر دی۔
اہل خانہ کے احتجاج کے بعد ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور اسپتال کو سیل کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مزید تحقیقات کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں اور ورثا کو انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
وفاقی وزیرِ مملکت و معاون خصوصی وزیراعظم حذیفہ رحمان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔















