ڈیووس میں محمد اورنگزیب کی بل گیٹس سے ملاقات میں پاکستان میں اصلاحات اور صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ڈیووس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی اقتصادی فورم کے 26ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں جاری اصلاحات اور صحت کے شعبے کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا اور گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق، محمد اورنگزیب نے پاکستان میں گیٹس فاؤنڈیشن کی معاونت کو سراہا، خاص طور پر پولیو کے خاتمے میں اس کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔ بل گیٹس نے پاکستان میں جاری اور آئندہ سرگرمیوں کا عزم ظاہر کیا اور صحت عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے صحت کے شعبے میں تعاون کے مزید امکانات، جیسے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی۔ مستقبل میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور باہمی اعتماد و مشترکہ اہداف کے تحت شراکت داری پر اتفاق کیا۔














