پاکستان سمیت 19 ممالک نے امریکی صدر ٹرمپ کے تشکیل کردہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کی ہے، جس کا مقصد غزہ کی بحالی کے امور کی نگرانی کرنا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سمیت 19 ممالک نے امریکی صدر ٹرمپ کے تشکیل کردہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس بورڈ کا مقصد غزہ کی بحالی کے امور کی نگرانی کرنا ہے، تاہم اس کا دائرۂ کار غزہ تک محدود نہیں ہے۔
پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکی، انڈونیشیا، بحرین، مصر، اردن، قازقستان، ازبکستان اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک نے بورڈ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں، ارجنٹینا، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، ہنگری، کوسوو، مراکش اور ویتنام بھی اس میں شامل ہو چکے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ جلد ہی یہ واضح ہو جائے گا کہ حماس اپنے وعدے پر عمل کرتی ہے یا نہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی بورڈ میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا مختلف عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ ٹرمپ کی سربراہی میں قائم اس بورڈ کا حصہ بنیں، جس میں مستقل نشست کے لیے ایک ارب ڈالر فیس مقرر کی گئی ہے۔












