معروف کامیڈین تابش ہاشمی نے کراچی کی نجکاری کی تجویز دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہر کے رہائشی مل کر اسے بہتر چلا سکتے ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے معروف کامیڈین تابش ہاشمی نے سانحہ گل پلازہ کے پیش نظر حکومت سے کراچی کی نجکاری کی تجویز دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کے رہائشی پٹھان، بلوچ، سندھی، مہاجر اور پنجابی مل کر شہر کو خرید کر بہتر طور پر چلا سکتے ہیں۔
تابش ہاشمی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بچپن کراچی میں گزرا اور وہ گل پلازہ سے خریداری کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کراچی میں موجود ایسوسی ایشنز ختم ہوتی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو سانحہ گل پلازہ کے مسائل پہلے سے معلوم ہونے چاہئیں تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وہ جوابدہ ہیں، لیکن تابش ہاشمی نے سوال اٹھایا کہ کیا ان پر کوئی عملی کارروائی ہوئی یا متاثرین کو ہرجانہ دیا گیا؟
تابش ہاشمی کا کہنا تھا کہ میئر کراچی ہر غلطی کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود مستعفی نہیں ہوتے۔ انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کی نمائندگی پر بھی سوالات اٹھائے۔















