اسلام آباد: ایچ ای سی گیٹ پر پولیس اور سیکورٹی گارڈز میں تنازع

اسلام آباد میں ایچ ای سی گیٹ پر پولیس اہلکار اور سیکورٹی گارڈز کے درمیان تنازع ہوا، پولیس نے گاڑیاں کھڑی کرکے گارڈز کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اسلام آباد: ایچ ای سی گیٹ پر پولیس اور سیکورٹی گارڈز میں تنازع

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)اسلام آباد میں گزشتہ رات ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے گیٹ پر پولیس اہلکار کی بدتمیزی کے باعث ناخوشگوار صورتحال پیدا ہو گئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک پولیس اہلکار اپنی اہلیہ کو لینے ایچ ای سی پہنچا، جو ادارے کے میڈیا سیکشن میں ملازمہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی گارڈز نے معمول کے مطابق شناخت طلب کی تو پولیس اہلکار طیش میں آ گیا اور گارڈز سے بدتمیزی شروع کر دی۔پولیس اہلکار نے  سکیورٹی عملے سے گلی گلوچ کرتے ہوئے گیٹ کھلوانے کی کوشش کی۔

واقعے کے بعد پولیس اہلکار نے مزید نفری طلب کر لی، جس کے نتیجے میں ایچ ای سی گیٹ کے سامنے پولیس گاڑیاں کھڑی کر دی گئیں۔ پولیس کی جانب سے سکیورٹی گارڈز کو حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا، جس پر صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی۔

کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی گفت و شنید کے بعد پولیس نے گاڑیاں ہٹا لیں اور معاملہ وقتی طور پر ختم ہو گیا۔ایچ ای سی حکام نے واقعے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں