کراچی کے شاپنگ مالز نے گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لیے مفت جگہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل بحالی کے لیے بھی تجاویز دی گئی ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لیے شہر کے بڑے شاپنگ مالز نے تعاون کا اعلان کیا ہے۔ ڈولمین مال اور ایٹریم مال نے متاثرہ دکانداروں کو مفت تجارتی اور نمائشی جگہ فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
ڈولمین مال نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے ریٹیل کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کے تحت گل پلازہ کے تاجروں کو مفت جگہ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ کاروبار کی بحالی کر سکیں۔ مال انتظامیہ نے کہا کہ یہ اقدام آگ سے ہونے والے نقصانات کے بعد کاروباری سرگرمیوں کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔
ایٹریم مال نے بھی متاثرہ تاجروں کو مفت نمائش اسٹالز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ باہمی تعاون کے ذریعے کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
نجی شعبے سے ڈیجیٹل بحالی کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں، جہاں حنظلہ راجہ نے آن لائن مارکیٹ پلیس کے قیام کی تجویز دی ہے تاکہ گل پلازہ کے تاجر اپنی دکانوں کی اجتماعی شناخت برقرار رکھ سکیں۔
یہ اقدامات اس وقت سامنے آئے ہیں جب گل پلازہ آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مزید انسانی باقیات ملی ہیں، جبکہ عمارت کا باقی ڈھانچہ غیر مستحکم اور مزید گرنے کا خدشہ موجود ہے۔















