سینیٹر افنان اللہ نے انکشاف کیا کہ پاکستانی شہریوں کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر دستیاب ہے اور کسی بھی شہری کا ڈیٹا صرف 500 روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بتایا کہ نادرا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور بینکوں سے متعلق شہریوں کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر موجود ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی پاکستانی شہری کا ڈیٹا صرف 500 روپے میں خریدا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سطح پر ڈیٹا چوری محکمے کے اندر سے کسی فرد کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔
سینیٹر نے بتایا کہ 2023 میں ایک جعلساز نے جعلی پاسپورٹ پر بھارت کا سفر کیا، جس کے بعد متاثرہ وکیل کو نادرا جا کر اپنی شہریت ثابت کرنی پڑی۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ڈائریکٹر جنرل نے یقین دلایا کہ نادرا نے جعلسازی کے متعدد کیسز کی تفصیلات فراہم کی ہیں اور جعلی سفری دستاویزات کی روک تھام کے لیے ایک ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے حکومت کی جانب سے سائبر سکیورٹی کے لیے نئی اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے امور پر سینیٹر افنان اللہ کو بریفنگ دی جائے گی۔ ماضی میں بھی پاکستانی شہریوں کے ڈیٹا کے ڈارک ویب پر لیک ہونے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔















