امریکی حملے کے ممکنہ جواب میں ایران کی کارروائی کے خدشے پر اسرائیل نے دفاعی الرٹ بڑھا دیا ہے۔
تل ابیب: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران پر ممکنہ امریکی حملے کے پیش نظر اسرائیل نے دفاعی الرٹ بڑھا دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی قیادت امریکی حملے کے جواب میں حکمت عملی پر غور کر رہی ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران اسرائیل کو لڑائی میں شامل کر سکتا ہے، تاہم یہ یقینی نہیں کہ ایران اسرائیل کو پہلا ہدف بنائے گا۔ گزشتہ جون میں اسرائیل ایران جنگ کے دوران بھی اسرائیلی ائیر لائنز کو طیارے منتقل کرنے کی ضرورت پڑی تھی۔
اسرائیلی حکام کے مطابق صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث وہ الرٹ ہیں اور امریکا و دیگر اتحادیوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار ہے۔
یاد رہے کہ ایرانی میزائل حملوں سے بچنے کے لیے اسرائیلی ائیر لائنز نے طیاروں کو اسرائیل سے باہر منتقل کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔











