وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری دے دی، جس سے انتظامیہ میں بہتری اور عوامی شکایات کے بروقت حل میں مدد ملے گی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ بسنت کے بعد لاہور کی انتظامی ری اسٹرکچرنگ کے تحت کیا گیا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے انتظامی دباؤ کو کم کیا جا سکے اور شہری گورننس کو مؤثر بنایا جا سکے۔
لاہور کو دو حصوں میں تقسیم کرنے سے ڈپٹی کمشنرز، پولیس انتظامیہ اور میونسپل نظام الگ الگ ہو جائیں گے، جس سے ٹریفک، تجاوزات، بلدیاتی مسائل اور عوامی شکایات کے فوری ازالے میں مدد ملے گی۔ نئے انتظامی سیٹ اپ کے تحت سروس ڈلیوری کو تیز، مؤثر اور عوام کے قریب لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متعلقہ محکموں کو تیاری مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور 9 فروری کو لاہور کی تقسیم کے حوالے سے فالو اپ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق لاہور کی تقسیم کو شہری گورننس اصلاحات کا ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے اور یہ فیصلہ خالصتاً انتظامی ضرورت کے تحت کیا گیا ہے۔















