نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کے سنگین قانونی نتائج کی تنبیہ کی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل شہریوں کو قانونی مشکلات میں ڈال سکتا ہے۔
ایجنسی نے کہا ہے کہ کسی بھی خبر، پوسٹ یا لنک کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضروری ہے، کیونکہ بغیر تحقیق پھیلانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ اور ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلانا جرم ہے۔
ایجنسی نے بتایا کہ پیکا ایکٹ کے سیکشن 26 اے کے تحت جھوٹی خبریں پھیلانے پر تین سال تک قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔
این سی سی آئی اے نے عوام کو نفرت انگیز مواد اور فیک نیوز سے بچنے اور سوشل میڈیا کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنے کی تنبیہ کی ہے۔















