این ڈی ایم اے نے شمالی علاقوں میں 21 سے 24 جنوری تک بارش اور برفباری کے الرٹ جاری کیا ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں 21 سے 24 جنوری تک متوقع بارشوں اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق، بارش اور برفباری سے دریائے کابل اور ملحقہ ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں بھی اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ندی نالوں اور خطرے سے دوچار علاقوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی بدھ کے روز سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نوشکی، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بارکھان، سبی، لورالائی، کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران اور چاغی میں بھی بارش متوقع ہے۔















