پاکستان کی معیشت میں استحکام، وزیر خزانہ کی پائیدار ترقی کی یقین دہانی

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت میں نمایاں استحکام آچکا ہے، مہنگائی کم ہوئی اور مالی خسارہ بہتر ہو رہا ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پاکستان کی معیشت میں استحکام، وزیر خزانہ کی پائیدار ترقی کی یقین دہانی

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں نمایاں استحکام آچکا ہے اور مہنگائی، شرح سود اور مالی خسارہ بہتر سمت میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈیوس میں بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ مہنگائی جو ایک وقت میں 40 فیصد تک پہنچ گئی تھی، اب کم ہو چکی ہے۔ حکومت نے دوبارہ پرائمری مالی سرپلس حاصل کر لیا ہے اور عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے۔

اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان چار سال بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کی تیاری کر رہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کے انتخاب کے لیے تجویز جاری کی جائے گی۔ حکومت ڈالر، یورو یا اسلامی سکوک بانڈ جاری کرنے کے آپشنز پر غور کر رہی ہے اور پاکستان اپنی تاریخ کا پہلا پانڈا بانڈ متعارف کرانے کی بھی تیاری کر رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ جون تک زرمبادلہ ذخائر تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے کی توقع ہے اور روپے پر فوری دباؤ نہیں ہے۔ ترسیلات زر اور سروسز کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قومی ایئرلائن کے بعد مزید اداروں کی نجکاری پر غور جاری ہے اور حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کو اپنی اولین ترجیح قرار دے رہی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں