ایران میں احتجاجی افراد کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا اعلان

ایران میں احتجاج کے بعد گرفتار افراد کے خلاف عدلیہ نے کارروائیاں تیز کرنے کا اعلان کیا، انٹرنیٹ بندش جاری ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
ایران میں احتجاجی افراد کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا اعلان

تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران میں حالیہ احتجاج کے بعد گرفتار افراد کے خلاف عدلیہ نے کارروائیاں تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی ایجئی نے کہا ہے کہ عدالتی کارروائیوں کا اصل مرحلہ شروع ہو چکا ہے اور انصاف کے خاطر نرمی کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش جاری ہے، اگرچہ اتوار کو جزوی بحالی ہوئی تھی۔ ایجئی نے صدر مسعود پزشکیان اور پارلیمنٹ کے اسپیکر کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ غیر ملکی عناصر کے بہکاوے میں آئے افراد کے ساتھ ہمدردی برتی جائے گی۔

ایرانی حکام امریکا اور اسرائیل پر احتجاج کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا کہ احتجاج کے دوران ہزاروں ہلاکتوں کے ذمہ دار غیر ملکی عناصر ہیں۔

پولیس سربراہ احمد رضا رادان نے کہا ہے کہ احتجاج میں شامل افراد کو تین دن کے اندر خود کو پیش کرنے پر کم سزا دی جائے گی۔ احتجاج کے دوران مالی نقصانات کی تلافی کے لیے ملوث افراد کے اثاثے ضبط کیے جائیں گے۔

امریکا اور ایران کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر ایرانی اداروں نے سخت ردعمل دیا ہے۔ انٹرنیٹ پابندیوں کے حوالے سے کوئی واضح ٹائم لائن نہیں دی گئی۔

دیگر متعلقہ خبریں